ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مہاراشٹر حکومت نے فڑنویس سمیت اپوزیشن لیڈروں کی سیکیورٹی میں تخفیف کی، بی جے پی چراغ پا

مہاراشٹر حکومت نے فڑنویس سمیت اپوزیشن لیڈروں کی سیکیورٹی میں تخفیف کی، بی جے پی چراغ پا

Wed, 13 Jan 2021 11:56:55    S.O. News Service

ممبئی،13؍جنوری(آئی این ایس انڈیا) مہاراشٹرا کی حکومت نے اسمبلی میں حزب اختلاف کے لیڈر دیویندر فڑنویس اور ان کے کنبے ،اتر پردیش کے سابق گورنر رام نائک ، ایم این ایس کے سربراہ راج ٹھاکرے کی سیکیورٹی میں کمی کردی ہے۔ بی جے پی کی مہاراشٹر یونٹ کے سربراہ،چندرکانت پاٹل کی سیکیورٹی ہٹا دی گئی ہے۔یہی کام بی جے پی کرتی رہی ہے اوراپوزیشن کے لیڈروں کی سیکوریٹی میں کمی کرتی رہی ہے لیکن آج جب بی جے پی کے لیڈروں کی سیکوریٹی میں تخفیف کی گئی توپارٹی بھڑک گئی ہے۔

مہاراشٹر بی جے پی کے ترجمان کیشیو اپادھیائے نے اسے انتقام کی سیاست قرار دیا ہے۔ فڑنویس نے کہاہے کہ اس سے مہاراشٹر میں لوگوں کے سفر اور ان سے ملنے کے منصوبے پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ 8 جنوری کو جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق فڑنویس کواب زیڈ پلس کیٹیگری کی بجائے ایس پلس زمرہ کی سیکورٹی حاصل ہوگی۔ ان کی اہلیہ امریتافڑنویس اور بیٹی کی سیکیورٹی بھی کم کردی گئی ہے۔

یوپی کے سابق گورنر رام نائک کو وائی پلس کی بجائے وائی زمرے کی سیکیورٹی مل جائے گی۔ سیکورٹی حاصل کرنے والے نئے لیڈروں میں نائب وزیراعلیٰ اجیت پوار کی اہلیہ سنترا پوار اور یوتھ آرمی کے سکریٹری ورون سردسائی شامل ہیں۔ سردسائی وزیراعلیٰ ادھوٹھاکرے کی اہلیہ ، رشمی ٹھاکرے کے رشتہ دارہیں۔دونوں کوایکس زمرہ کاتحفظ فراہم کیاگیاہے۔


Share: